دبئی 18ستمبر ( ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا ) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے پیر کے روز ایک اعلان میں بتایا ہے کہ آئندہ برس کے لیے پناہ گزین پروگرام کے سلسلے میں پناہ گزینوں کی حد 30 ہزار مقرر کی گئی ہے۔ یہ تعداد رواں سال 2018 کی مقررہ 45 ہزار پناہ گزینوں کی حد سے خاصی کم ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کا کہنا ہے کہ یہ تعداد اْن پناہ گزینوں سے متعلق ہے جن کا چْناؤ امریکی سکیورٹی اور انٹیلی جنس ایجنسیاں دنیا بھر کے پناہ گزین کیمپوں سے کرتی ہیں۔ انہوں نے مزید بتایا کہ امریکی حکومت 2019 کے لیے 2.8 لاکھ سے زیادہ روایتی پناہ گزینوں کی درخواستوں پر غور کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ پومپیو کے مطابق 8 لاکھ سے زیادہ درخواست دہندگان پہلے ہی امریکا میں موجود ہیں اور اپنے کیس کے فیصلے کا انتظار کر رہے ہیں۔